محرم الحرام میں امن برقرار رکھنا ملت اسلامیہ کا ایمانی فریضہ ہے: مقررین

18 نومبر 2012

لاہور (پ ر) مرکزی انجمن شہریاں لاہور کے زیر اہتمام گڑھی شاہو میں محرم الحرام امن کانفرنس منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے رہنماﺅں نے کہا کہ محرم میں امن و امان برقرار رکھنا ملت اسلامیہ کا ایمانی فریضہ ہے۔ شہریان لاہور اپنے مثالی اتحاد و یکجہتی سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دینگے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما حافظ غلام محی الدین نے کہا کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت غیر ملکی طاقتوں کے تحفے ہیں۔ جمعیت علماءپاکستان پنجاب کے صدر پیراختر رسول قادری نے کہاکہ نواسہ رسول کا یوم شہادت باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانے کا سبق دیتا ہے ۔ کنوینر شیعہ شہریاں پاکستان علامہ سید وقار الحسنین نقوی نے کہا کہ ایام محرم میں منافرت پھیلانے والے دین اور ملک کے دشمن ہیں۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے سربراہ علامہ محمد ممتاز اعوان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھی جائے۔ کانفرنس سے قومی تاجر اتحاد کے چیئرمین جاوید اکبر بابر، علامہ حافظ محمد شعیب پیر ایس اے جعفری، عبدالسلیم خان، ملک نعیم پومی، مولانا مظہر حسین، ڈاکٹر امجد، میاں اعجاز، مولانا وقار، علامہ ناصر، علامہ یونس حسن، علامہ عبدالرحمان فاروقی مولانا خلیل الرحمان اور محمد شفیق قادری نے بھی خطاب کیا۔