رواں سال، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالر رہنے کا امکان: آئی ایم ایف

May 18, 2025

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 92 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ آئندہ مالی سال 26-2025ء میں ذخائر 17 ارب 68 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی سٹاف کنٹری رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو مقررہ حکومتی ہدف سے کم رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔ آئی ایم ایف نے رپورٹ میں کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 26-2025ء کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو میں اضافے ہو سکتا ہے جبکہ رواں مالی سال معاشی نمو 2.6 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے رواں مالی سال کے لیے معاشی شرح نمو کا ہدف 3.6 فیصد مقررکر رکھا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے نے رواں مالی سال کے مقابلے میں آئندہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کا امکان ظاہر کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال اوسط مہنگائی5.1 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگلے مالی سال پاکستان میں اوسط مہنگائی کا تخمینہ 7.7 فیصد لگایا گیا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال پاکستان میں اوسط مہنگائی 23.4 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان میں بے روزگاری میں کمی ہو سکتی ہے۔ رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ اگلے مالی سال بے روزگاری کی شرح 7.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں