مسلم پارلیمان کی تنظیم کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر سمیت 3 قراردادیں منظور

May 18, 2025

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلامی دنیا کی پارلیمان کا 19 واں اجلاس اعلان جکارتہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس کی شق دس میں برصغیر پاک وہند میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مستقل حل کا اعادہ کیا گیا ہے جبکہ تین مختلف قراردادوں کی بھی منظوری دی گئی جن میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت مظالم، کشمیری عورتوں اور بچوں کی حالت زار اور بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی اور ثقافتی عمارتوں کی بیحرمتی پر بھارت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ حالیہ بھارتی جارحیت کے فورا بعد کسی بھی بین القوامی فورم پر یہ پاکستان کی ایک تاریخی کامیابی ہے۔ مسلم پارلیمان کی تنظیم کے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر قومی اسمبلی کے تین ارکان وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک، میاں فتح اللہ میاں خیل اور داور کنڈی نے شرکت کی اور پاکستان کا مقدمہ مسلم دنیا کے سامنے بڑے بھرپور انداز میں پیش کیا۔ مسلم ممالک کے بیشتر وفود نے پرتپاک سے پاکستان کے پارلیمانی وفد سے ملاقاتیں کیں اور بھارتی جارحیت پر مودی سرکار کو منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس کے اعلامیے میں مسئلہ کشمیر کے حل اور  اس حوالے سے تین علیحدہ قراردادوں کی منظوری ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے جو سپیکر سردار ایاز صادق کی کامیاب پارلیمانی سفارتکاری کی مستند دلیل ہے۔

مزیدخبریں