شاہ محمود کو دل کی تکلیف‘ پی آئی سی منتقل‘ 24 مئی کو فرد جرم کیلئے طلب

May 18, 2025

لاہور (خبر نگار) تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا۔ فجر کی نماز کے بعد شاہ محمود قریشی کو سینے میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد جیل کے ڈاکٹرز نے ان کا فوری طبی معائنہ کیا، طبیعت بہتر نہ ہونے پر ریسکیو 1122 کے ذریعے انہیں پی آئی سی منتقل کیا گیا، جیل انتظامیہ کی جانب سے ان کے اہل خانہ کو بھی فوری طور پر اطلاع دے دی گئی۔ دریں اثناء انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہائوس حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی، اعجاز چودھری سمیت کل 266 ملزموں کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے 24 مئی کو طلب کر لیا۔ کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی جلائوگھیرائو کیسوں پر سماعت ہوئی۔ جناح ہائوس حملہ کیس میں یاسمین راشد سمیت 266 ملزموں میں چالان کی کاپیاں تقسیم کر دیں۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ ایک روز حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی جبکہ کلمہ چوک پل پر جلائو گھیرائو کے مقدمے میں مزید ایک گواہ کے بیان پر جرح مکمل کر لی۔

مزیدخبریں