نیویارک(آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کے لیے پرعزم ہے،بھارتی قیادت کے بیانات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں،پوری قوم کو اپنی افواج کی جرات پر فخر ہے، جنگ بندی کیلئے پاکستان نے امریکی صدر کے کردار کو سراہا ہے ۔ ایک برطانوی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا صورت حال اب بھی نازک اور غیر یقینی کا شکار ہے، کیوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر اہم اور حل طلب معاملہ ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ دریں اثنا، یو این پاکستانی مشن، نیویارک قونصلیٹ میں یوم تشکر منایا گیا، اس موقع پر اپنے خطاب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنی افواج کی جرات پر فخر ہے، جس نے بھارت کی بالادستی کے خواب چکنا چور کر دئیے۔انھوں نے کہا قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے اور رہے گی، پاکستان کا موقف یو این چارٹر، عالمی قانون پر مبنی ہے، بھارت نے خود مختاری کی خلاف ورزی کی، ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا، بھارتی قیادت کے بیانات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔پاکستانی قونصل جنرل عامر اتوزئی نے کہا کہ پہلگام واقعے پر پاکستان کا ردعمل ذمہ دارانہ تھا، جنوبی ایشیا میں امن کا دار و مدار مسئلہ کشمیر کے حل پر ہے۔
بھارتی قیادت کے بیانات خطے میں امن کیلئے خطرہ ہیں: پاکستان
May 18, 2025