راولپنڈی(آئی این پی )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل سے نکال کر رہیں گے، کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔گزشتہ روز کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا گزشتہ ایک ہفتے سے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہوں کہ بیرون ملک جانے کی اجازت ملے ۔ مجھ سے آپ کیوں خوفزدہ ہیں کہ مجھے سفر نہیں کرنے دے رہے ۔انہوں نے کہا کہ میری ٹریولنگ کا تقابل ایان علی منی لانڈرر،خواجہ آصف کے اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز والوں سے ہو رہا تھا۔ ہمارے وکیل بتا رہے تھے کہ ان میگا اسکینڈلز کے باوجود ملزمان کو ضمانت ملی تھی ۔ مجھ پر الزام ہے کہ میں نے بانی کا پیغام کارکنوں تک پہنچایا ۔ صرف پیغام رسانی کی وجہ سے مجھ پر مقدمات بن چکے ہیں۔علیمہ خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بریفنگ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے ہمیں نہیں بتایا ۔ ہم تو سب کے ساتھ خوشگوار موڈ میں ہوتے ہیں، ہم ان چیزوں پر اپنا وقت ضائع نہیں کرتے۔ بالکل ہم موروثی ہیں اور اپنے بھائی کے لیے کھڑے ہیں۔ کوئی ہمیں نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ بچے اسی لیے کھڑے ہیں کہ وہ موروثی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی تنہا نہیں، خاندان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم انہیں باہر نکال کر رہیں گے۔ ہمیں فرق نہیں پڑتا کون کیا کہہ رہا ہے ۔ ہم نے اپنے بھائی کو تحفظ دینا ہے،یہ ہماری ڈیوٹی ہے، اسے پورا کریں گے۔ راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی دائر درخواست خارج کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی دائر درخواست کا فیصلہ جج امجد علی شاہ نے جاری کیا۔قبل ازیں علیمہ خان اپنے وکلا علی بخاری اور فیصل ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے اپنے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار نمل یونیورسٹی کی بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں، درخواست گزار نے نوبل کاز کی فنڈ ریزنگ کے لیے بیرون ملک جانا ہے، نمل یونیورسٹی ایک تعلیمی ادارہ ہے، جسے مالی مسائل کا سامنا ہے۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کا نام پی این آئی ایل لسٹ سے نکالنے کا حکم جاری کیا ہے، درخواست گزار صرف 3 ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنی چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف درج مقدمے کا چالان ابھی تک پیش نہیں کیا گیا ، درخواست گزار کی ذاتی پیشی ضروری نہیں،انڈر ٹیکنگ دینے کو تیار ہیں، درخواست گزار مقررہ وقت پر عدالت میں پیش ہوجائیں گی۔پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نوبل کاز پر پراسیکیوشن کا کوئی اعتراض نہیں، ملزمہ جس مقدمے میں ریلیف چاہتی ہیں، اسی مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی ہے، ملزمہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست 21 مئی کیلئے مقرر ہے، راولپنڈی میں ملزمہ کے خلاف 11 مزید مقدمات درج ہیں، ملزمہ کے خلاف راولپنڈی میں درج کسی مقدمے میں ضمانت نہیں ہوئی۔
عمران کو جیل سے نکال کر رہیں گے: علیمہ خان، بیرون ملک جانے کی درخواست خارج
May 18, 2025