ترکیہ کے سفیر کی سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات، لاہور چیمبر کا دورہ 

May 18, 2025

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ کامرس رپورٹر) سپیکر ملک محمد احمد خان سے پاکستان میں تعینات جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، معاشی تعاون اور پارلیمانی روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی پر ترک صدر رجب طیب اردگان اور برادر ترک عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان کی مستقل حمایت پاکستانی عوام کے دل جیتنے کے مترادف ہے۔ ملاقات میں پارلیمانی وفود کے باہمی تبادلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے فوجی اور سفارتی محاذ پر پاکستان کی کامیابیوں پر وزیراعظم، افواج پاکستان اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔ ترک سفیر نے پنجاب اسمبلی میں ینگ پارلیمنٹرینز فورم (YPF) کے قیام پر سپیکر ملک احمد خان کے کردار کو سراہا۔ علاوہ ازیں  ترکی کے سفیر عرفان نزیر اوغلو نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ ترکی دفاع، سیاحت، کاروبار، زراعت اور اعلیٰ تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے بھی اظہار خیال کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین میاں عامر سعید، احسن شاہد، فردوس نثار، کرامت علی اعوان، سید سلمان علی، عرفان احمد قریشی، احد امین ملک، آصف خان، محمد عمران سلیمی اور وقاص اسلم بھی اجلاس میں موجود تھے۔ترک سفیر نے کہا کہ ہم ایک قوم ہیں اور ہمیں مشترکہ مفاد کے تحت متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر ترکی کے عوام کا دلی شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں