سلمان راجہ، شبیر گجر کی ضمانتیں کنفرم، عالیہ حمزہ، علیمہ، عظمیٰ کی ضمانت میں توسیع 

May 18, 2025

لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 اکتوبر جلائو گھیرائو اور تشدد کے2 مقدمات میں سلمان اکرم راجہ، شبیر گجر کی عبوری ضمانتیں کنفرم کردیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق سلمان اکرم راجہ سمیت سات ملزم قصور وار ہیں، سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر 20 مقدمات ہیں مجھے پتہ بھی نہیں ہے، ہم اس نظام کے خلاف لڑیں گے، جنگ پوری قوم نے لڑی، چھپ کر بات کرنے کی کوشش نہیں ہے، آئین اور قانون کے مطابق سب نظام کو چلنے دیں، جنگ فوجیں لڑتی ہیں، اس میں کسی کا کوئی کمال نہیں، کسی ایک بندے نے جنگ نہیں لڑی، جھوٹ پر پورا نظام کھڑا ہوا ہے، صحافیوں کو دفتروں سے نکالا جا رہا ہے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 8 فروری کو احتجاج کیس میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ عدالت نے 26 مئی کو پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ عالیہ حمزہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کے ساتھ سیز فائر کے بعد اب 25کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کے ساتھ سیز فائر بھی ہونا چاہیے، عوام کے ساتھ سیز فائر ہونا چاہیے، جو حالات بتا رہے ہیں جو واقعات بتا رہے ہیں وہ تو کسی مذکرات کی طرف اشارہ نہیں کرتے، ملاقاتیں روکی ہوئی ہیں، لیڈران سے ملاقاتیں نہیں ہونے دی جا رہی ہیں۔ ایف آئی آر پر ایف آئی آر کرائی جا رہی ہیں، ہم تو سٹرکوں پر ہی ہوتے ہیں، احتجاجی تحریک پر سنجیدگی سے کام شروع ہو چکا ہے۔ پی ٹی آئی کی کے پی کے میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کے حوالے سے میٹنگ بھی ہو چکی ہے۔ مریم نواز کو کہنا چاہتی ہوں نواز شریف ایک بار مودی کا نام لیکر بات کرلیں۔ مریم نواز زبردستی کسی اور کو کریڈٹ دینا چاہ رہی ہیں، پچھلے اڑہائی سال میں جو ظلم ہوا وہ کبھی نہیں ہوا، ملک کو آگے لے جانا چاہیے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 5 اکتوبر جلائو گھیرائو کے دو مقدمات میں علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانتوں میں 30 مئی تک تو سیع کر دی‘عدالت نے دونوں کی حاضری معافی کی درخواستیں منظور کرلیں۔

مزیدخبریں