جنوربی وزیرستان میں کرفیو، ٹانک میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اغوا

May 18, 2025

وانا،ٹانک  (آئی این پی)  جنوبی وزیرستان اپر میں ہفتے کو  ایک روز کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن  بھی جاری  کیا گیا  جبکہ  ٹانک میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت جنوبی وزیرستان کو  اغوا کرلیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر سلیم جان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر میں ہفتہ کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو   کا نفاذ کیا گیا ۔اس سلسلے میں  اسمان منزہ اور لدھا تک سڑک بند رہی ، تیارزہ، توروام اور سرویکئی تک بھی سڑک بند ر ہی  جبکہ  عوام سے گزارش  کی گئی کہ وہ ان راستوں پر سفر سے اجتناب کریں۔جاری  نوٹیفکیشن میں عوام سے اپیل کی گئی   کہ متبادل راستوں کا انتخاب کریں، سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔   دوسری جانب  ضلع ٹانک میں محکمہ زراعت جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمران وزیر کو گذشتہ شب نماز عشا کے بعد نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا  ۔پولیس کے مطابق عمران وزیر مسجد سے اغوا کیے گئے، جس کے بعد اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے اور اغوا کاروں کو جلد گرفتار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

مزیدخبریں