لاہور(خصوصی نامہ نگار ) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے علماء کرام کے ساتھ منعقدہ خصوصی علمی و فکری نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اسلام غربت کے خاتمہ اور انسانی وقار و عظمت پر زور دیتا ہے۔ اس کیلئے زکوٰۃ کی ادائیگی کو فرض ٹھہرانے کے ساتھ ساتھ مواخات اور سخاوت پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک حدیث مبارکہ بیان کرتے ہوئے کہا حضور نبی اکرمؐ نے فرمایا اللہ کی راہ میں خرچ کرتے رہیں۔ وہ اللہ کئی گنا بڑھا کر دے گا۔ اللہ کی راہ میں خرچ کرنیوالے کبھی تنگدستی کا شکار نہیں ہونگے۔حضرت ابو ہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریمؐ نے فرمایا کہ اللہ رب العزت فرماتا ہے اے میرے بندو! میری راہ میں خرچ کرو، میں تمہیں دیتا جاؤں گا۔ میرے ساتھ معاملہ کرو، میں تمہیں مایوس نہیں کروں گا۔چیئرمین سپریم کونسل نے کہا رسول اللہؐ نے فرمایا کہ اللہ کا ہاتھ بڑا ہے، وہ کبھی خالی نہیں ہوتا۔ دن ہو یا رات ہو وہ مسلسل اپنے بندوں پر خرچ کرتا ہے لیکن اس کے خزانوں میں کبھی کمی نہیں آتی۔ جب سے اللہ تعالیٰ نے آسمان و زمین کو پیدا کیا ہے، وہ تب سے مسلسل عطا کر رہا ہے۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایک متفق علیہ حدیث کا بھی حوالہ دیا جس میں نبی اکرمؐ نے سیدہ اسماء بنت ابی بکرؓ سے فرمایا کہ اے اسماء ! خرچ کیا کرو مگر گن کر نہ کیا کرو، اگر تم گن کے دو گی تو رب بھی گن کر دے گا۔
اسلام غربت کےخاتمہ ،انسانی وقار و عظمت پر زور دیتا ہے:حسن محی الدین
May 18, 2025