لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے کرپلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میںپشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو مہنگا ثابت ہوا۔کراچی کنگز نے 4وکٹوں پر 237رنز بنائے ۔ ڈیوڈ وارنر نے 86 اور جیمز ونس نے 72 رنز بنائے، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 162 رنز کی شراکت قائم کی۔ خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 43 اور محمد نبی نے 10 گیندوں پر 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ لیوک ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ پشاور زلمی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 5 وکٹوں پر 214 رنز بناسکی۔کپتان بابر اعظم نے 49 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ صائم ایوب 47 اور ٹام کوہیلر 20 رنز کیساتھ نمایاں بیٹر رہے، معاذ صداقت 19 اور حسین طلعت 12 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ عباس آفریدی نے 2، حسن علی اور میر حمزہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔ڈیوڈ وارنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ کراچی کنگز پلے آف مرحلہ میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 9 میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 6 میں اسے فتح ملی اور 3 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا وہ ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم تھی۔
کراچی کنگز، پشاور زلمی کو ہرا کر پلے آف مرحلہ میں پہنچ گئی
May 18, 2025