پاک چین وزرائے اعظم کا سی پیک منصوبے تیز کرنے پر اتفاق
وزیراعظم شہبازشریف اور عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ایک دوسرے کے ساتھ روایتی گرمجوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے چینی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان اقتصادی منصوبوں اور اداروں پر کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کے تمام ضروری اقدامات کرنے کیلئے پرعزم ہے جبکہ چینی وزیراعظم نے یقین دلایا کہ چین اقتصادی تعاون بڑھانے‘ تجارت کو وسعت دینے اور پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے تیار ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک چین دوستی دنیا بھر میں ضرب المثل بن چکی ہے اور دونوں ممالک خطے میں ایک دوسرے کے مفادات کیلئے نہ صرف سرگرم رہتے ہیں بلکہ ان مفادات کے نگہبان بھی نظر آتے ہیں جس عملی ثبوت دونوں ممالک کے مابین جاری گیم چینجر سی پیک کا منصوبہ ہے جس کے ثمرات پاکستان سمیت خطہ کے عوام کو ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ اسکے علاوہ پاکستان اور چین کے مابین ہونیوالی تجارت اور سرمایہ کاری نے ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہوا ہے۔ گزشتہ روز ٹیلی فونک بات چین میں دونوں وزرائے اعظم نے شراکت داری ‘ سرمایہ کاری اور تجارت کے ساتھ ساتھ سی پیک کے تحت جاری اور نئے منصوبوںکو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کا اعادہ کیا۔ موجودہ حالات میں پاک چین تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے جب امریکہ بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے اس خطے میں اپنے مفادات کیلئے سازشوں میں مصروف ہے اور امریکہ بھارت کو اس خطے کا تھانیدار بنا کر یہاں اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے۔ امریکہ اور بھارت کو سی پیک منصوبہ شروع دن سے ہی کھٹکتا ہے جسے سبوتاژ کرنے کیلئے دونوں ہمہ وقت سازشیں کرتے رہتے ہیں اس لئے پاک چین دوستی میں مزید گہرائی اور مٹھاس پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو اس دوستی کو بلندیوں تک پہنچا کر خطے میں امریکہ اور بھارتی سازشوں کے آگے مضبوط بند باندھنے کی ضامن بن سکے۔