پنشنرزکب تک نظر انداز رہیں گے
مکرمی: یہ ملکی تاریخ کا انوکھا حکومتی فیصلہ ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے وقت پنشنرز کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہو۔ پی پی، ن لیگ یاپرویز مشرف حکومت ہر ایک نے بجٹ کے موقع پر ایک ہی شرح سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کیا تھا۔ موجودہ حکومت کا مذکورہ فیصلہ ریاست مدینہ کے نئے ماڈل کی جھلک ہو۔ ورنہ نبی ریاست مدینہ میں تو مساوات تھی انصاف تھا لیکن تحریک انصاف کی حکومت جو انصاف کا بول بالا کرنے اور مساوات قائم کرنے آئی ہے۔ اس نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے درمیان تفرق پیدا کر دی ہے۔ کیا ہماری حکومت نہیںجانتی کہ ایک سرکاری ملازم جب 60سال کی عمر میں ریٹائر ہوتا ہے تو اسکی پنشن تنخواہ کا محض 35 یا 40 فیصد رہ جاتی ہے اور اسکی گھریلو ضروریات اور مالی مشکلات پہلے سے بڑھ جاتی ہیں۔ ہم پنشنرز وقت سے پہلے مر بھی نہیں سکتے۔ مرنے سے پہلے ہماری معاشی سانسیں کیوں بند کی جا رہی ہیں۔ تحریک انصاف انصاف کرے اور ہماری پنشنوں میں بھی اضافہ اسی شرح سے کرے جس شرح سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔
(حافظ عبدالباری نوید، حضرو (0336-5751719