یاد گار زمانہ ہیں ہم لوگ
اچھے اچھے لکھنے والے ’’نوائے وقت‘‘ کے اجرا کی مختلف داستانیں لکھتے رہتے ہیں راقم اس اخبار سے پہلے جناب حمید نظامی ؒکی قائم ’’مسلم سٹوڈنٹس‘‘ کی گورنمنٹ کالج ہوشیارپور برانچ کا سر گرم کارکن تھا اور نوائے وقت کے پہلے دن سے آج تک اس کا قاری ہے۔ اس اخبار کے پندرہ روزہ اور روز نامہ کے پہلے دن کے پہلے صفحے اب تک میرے پاس محفوظ ہیں ، ’’نوائے وقت‘‘ بطور پندرہ روزہ پہلے پر چے کی تاریخ مارچ 1939ء درج ہے جو فلیمنگ روڈ لاہور سے شائع ہوا تھا ۔ اداریے میں جناب حمید نظامی اور جناب شیر حسن کا نام لکھا ہوا ہے اور سر پرست جناب شبیر احمد سیکرٹری انجمن ترقی اور پنجاب کا نام درج تھا۔ پہلے صفحے پر قابل احترام جناب محمد علی جناح، حفیظ ہوشیار پوری اور مولوی عبدالحق کی طرف سے مبارک باد اور نیک تمنائوں کے خطوط شائع ہوئے تھے۔ یہ پندرہ روزہ اخبار 15 نومبر 1942 کو ہفتہ روزہ اور پھر 22 جولائی 1944 کو روز نامہ بن گیا جو بیڈن روڈ سے شائع ہوا اس کی قیمت ایک آنہ تھی۔ یاد رہے کہ اس زمانے میں سولہ آنوں کا ایک روپیہ ہوا کرتا تھا۔ اس پر ایڈیٹر کا نام حمید نظامی اور اداریے میں جناب عمرانی اور جناب عبدالمجید قاضی کے نام درج تھے۔ پیشانی پر یہ لکھا تھا۔ ’’بیاد گار حکیم الامت علامہ اقبال‘‘۔پہلے صفحے کی سرخی تھی۔’’ جرمنی میں خانہ جنگی شروع ہو گئی‘‘۔ امید ہے کہ اب ’’نوائے وقت‘‘ کے اجرا کی تاریخوں پر کسی کو غلط فہمی نہ رہے گی کیونکہ میرے جیسے عمر رسیدہ سیاست پر گہری نظر رکھنے والے کچھ لوگ ابھی تک زندہ ہیں۔ یہ بیاسی برس کا قصہ ہے دو چار برس کی بات نہیں۔
یاد گار زمانہ ہیں ہم لوگ …دیکھ لینا فسانہ ہیں ہم لوگ
بعد مرنے کے قدر ہو گی تمہیں …بس وفا کا خزانہ ہیں ہم لوگ
(چراغ سحری لیفٹنینٹ کرنل ریٹائرڈ حامد محمود راولپنڈی)