وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے اگر عمران خان انہیں(اپوزیشن والوں کو)باہر جانے دے تو ایک گھنٹے کے اندر ساری اپوزیشن ختم ہوسکتی ہے ، سارے چور اکٹھے ہورہے ہیں اور انہوں نے رمضان کے بعد نکلنے کا اعلان بھی کردیاہے مگر یہ نکلے تو انہیں لگ پتہ جائیگا۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی بڑھی ہم مانتے ہیں ،لیکن یہ انکا گند ہے جو انہوں نے قالین کے نیچے چھپا کر رکھا تھا۔شیخ رشید نے سوال اٹھایا کہ مہنگائی کے ذمہ دار 40 سال کے ڈکیت ہیں یا 9 ماہ کے حکمران؟ عمران خان فرنٹ فٹ پر چوروں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ قوم کے مسائل بھی حل کررہے ہیں لیکن مسائل دشوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کوتوچھٹی والے دن بھی ضمانت مل جاتی ہے،ہم چاہتے توان کے کچرے پرڈبہ رکھ سکتے تھے لیکن ہم صفائی کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے بولاتھا کہ شہباز شریف این آر او لے رہے ہیں ،اب آصف زرداری بھی اسی لائن میں لگے ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے دلچسپ جواب دیا اور کہا کہ 2دلوں کی پاکیزہ محبت کے درمیان لاہوریے کیدوبن گئے ہیں۔ بلاول نے ان سے صلح کر لی، لاہوریے جلتے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ستر سال کی تجاوزات مجھے جہیز میں ملی ہیں جسے ایک ماہ میں ختم کرنے کا ٹارگٹ ملا ہے۔ ایک عدالت سے نکلتے ہیں دوسری عدالت میں چلے جاتے ہیں،ہفتہ میں ایک روز کیبنٹ میٹنگ میں گزر جاتا ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے خلاف کیا سازش ہونی ہے یہ انٹرنیشنل سازش ہے کہ ریلوے سی پیک میں نہ جائے۔دنیا کی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ گوادر تک ریل کی پٹڑی لیکر جائیں اور پاکستان کے چین کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی وزارت میں اکیس بیس گریڈ کے جتنے افسران ہیں ان سے مایوس ہو چکے ہیں۔ سوچ رہے ہیں کہ اٹھارہ اور انیس گریڈ کے افسران کو چارج دے دیا جائے۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وہ ریلوے کو غریب کی سواری سمجھتے تھے، سمجھتے ہیں اور سمجھتے رہیں گے۔جو کرنا ہے کر لیں،غریب کے کرائے میں اضافہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں، جس کے لیے سی پیک کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر کراچی سے دیگر شہروں کے درمیان 5 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024