آسٹریلیا ، انگلینڈ کو 2022ء میں پاکستان لانے کیلئے پی سی بی کی کوششیں تیز
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کیلئے کھل جائیں گے اور مرحلہ وار انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوں گی۔رواں سال ستمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کریگا جبکہ آئندہ سال ایم سی سی کی ہائی پروفائل ٹیم پاکستان آئیگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے بتایا کہ 27 اور 28 مئی کو سنگا پور میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں احسان مانی نمائندگی کریں گے۔ سری لنکا کرکٹ سے ستمبر اکتوبر کی سیریز کیلئے بات پکی کریں گے۔ امید ہے جون میں سری لنکا سے سیریز کی تفصیلات طے ہوجائیں گے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم 26 مئی سے 5 جون تک سری لنکا جارہی ہے۔ اگلے سال ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، انگلینڈ میں انگلش کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیری سن سے بات ہوئی ہے، 2022 میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اس سے قبل ہم انہیں قائل کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سکیورٹی کے حالات بہت بہتر ہیں اس لیے ٹیم کو پاکستان بھیجیں۔ ٹام ہیری سن اگلے دو تین ماہ میں پاکستان آرہے ہیں، 1999 کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانا بھی ہمارے لیے بڑا ٹاسک ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اور سی ای او کیون رابرٹسن ورلڈ کپ دیکھنے انگلینڈ جارہے ہیں واپسی پر دونوں دو دن کیلئے لاہور آرہے ہیں 2022 میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے ہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کو لاہور بلا کر مذاکرات کررہے ہیں۔ حکومت غیر ملکی ٹیموں کو لانے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔