سری لنکا کی صورتحال قابو میں ‘ زیادہ محتاط رہنا ہوگا‘ ہائی کمشنر
اسلام آباد ( جاوید صدیق) پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر نور دین شاہد نے کہا ہے کہ سری لنکا میں حالیہ دھماکے جن لوگوں نے کئے وہ مسلمان تھے لیکن جس انداز میں انہوں نے سری لنکا میں دھماکے کئے ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اکیلے نہیں تھے ان کے پیچھے کوئی منصوبہ بندی کرنے والا تھا۔ گزشتہ شام نوائے وقت سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ ان دھماکوں سے ملک کا نقصان ہوا ہے۔ سری لنکا کو پہلے ہی بڑا عرصہ دہشت گردی کا شکار بنایا گیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ اب صورت حال قابو میں ہے۔ لیکن ہمیں زیادہ محتاط رہنا ہوگا۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ بعض علاقوں میں کشیدگی ہے لیکن اس پر قابو پالیا جائے گا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ مختلف اقلیتوں کے درمیان کوئی کشیدگی نہیں ہے۔