ارباب رحیم کی ملاقات، سندھ کارڈ کھیلنے والوں نے عوامی مسائل پس پشت ڈال دیئے: شاہ محمود
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ وہ سندھ کے سابق وزیراعلی ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے باتیں کررہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی، شاہ محمود قریشی نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ سندھ کارڈ کھیلنے والوں نے عوام کے مسائل کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ ارباب غلام رحیم نے کہاکہ سندھ کے عوام کو غربت اور متعدد امراض جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ مشرق وسطیٰ کیلئے ہواوے ٹیکنالوجیز کے صدر چارلس یانگ نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ،پاکستان میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے سی ای او مسٹر سیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔ ہواوے سمیت بہت سی کمپنیاں کامیابی سے پاکستان میں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں اور حکومت کی مثبت کاروباری پالیسیوں سے فائدہ اٹھا رہی ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ صدر ہواوے ٹیکنالوجیز کا کہنا تھا کہ وہ اگلے 5 برسوں میں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کرنے جا رہے ہیں جس سے کثیر اقتصادی مواقع میسر آئیں گے۔