’’کامیاب نوجوان‘‘ پروگرام کی منظوری
وزیراعظم عمران خان نے ’’ کامیاب نوجوان‘‘ پروگرام کی منظوری دیدی۔ سٹارٹ اپ پروگرام کے ذریعے ہنر مند نوجوانوں کو قرض دیئے جائینگے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اورانہیں روزگار فراہمی کا یہ اہم منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس سے لاکھوں نوجوان مستفید ہو سکیں گے۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ جب سے پی ٹی آئی حکومت اقتدار میں آئی ہے‘ عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے ہاتھ پائوں ماررہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایک خطیر رقم سے شروع کی گئی ’’کامیاب نوجوان‘‘ ایک اچھی سکیم ہے جس سے یقیناً لاکھوں نوجوانوں کو فائدہ پہنچے گا جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد روزگار کی تلاش میں ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر گھوم رہے ہیں ۔ وہ نوجوان بھی اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو کم تعلیم یافتہ ہیں اور بے روزگار ہونے کی وجہ سے منفی سرگرمیوں میں ملوث ہو کر اپنے ہنر کو ضائع کر رہے ہیں۔ اس سکیم سے فائدہ اٹھا کر وہ کارآمد شہری بن سکتے ہیں۔ ملک میں ہنر مندوں کی کمی نہیں‘ لیکن روزگار نہ ہونے اور اپنا ٹیلنٹ اجاگر کرنے کے انہیں مواقع میسر نہیں جس کے باعث وہ مایوسی کا شکار نظر آتے ہیں اور مجبور ہو کر جرائم میں ملوث ہوجاتے ہیں۔ اگریہ قرضے بلاسود دیئے جائیں تو اس سے نوجوان بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اسکی نگرانی وزیراعظم عمران خان خود کریں تاکہ مختص کی گئی 100‘ ارب کی رقم اللے تللوں میں نہ ضائع کی جاسکے اور اس سے مستحق نوجوان ہی مستفید ہوں۔ ملک میں ایسی مزید سکیمیں متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ بیروزگاری پر قابو پایا کر نوجوانوں میں موجود اضطراب کی کیفیت کو ختم کیا جاسکے اور انہیں ملک و قوم کیلئے مفید شہری بنایا جاسکے۔