جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 کے حصول کیلئے بین الاقوامی کمپنی کا سپریم کورٹ سے رجوع، قومی احتساب بیورو کے ساتھ پاکستان کو بھی ایک بین الاقوامی تنازع میں پڑ نے کا خدشہ
ایک بین الاقوامی کمپنی کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے کہ وہ پاناما پیپرز کیس میں بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی پیش کردہ رپورٹ کی جلد 10 کی نقول فراہم کرے تاکہ بین الاقوامی تنازع کے حتمی نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے۔تاہم اس معاملے سے قومی احتساب بیورو (نیب) کے ساتھ پاکستان کو بھی ایک بین الاقوامی تنازع کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں بروڈشیٹ ایل ایل سی کمپنی کی جانب سے سینئر وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے جسٹس شیخ عظمت سعید کھوسہ کے چیمبر میں درخواست دائر کی گئی، جس پر عدالت نے کہا کہ وہ لندن میں پاکستان کے خلاف واحد ثالث انتھونی ایونس کیو سی کی جانب سے دیا گیا عبوری ایوارڈ سمیت کچھ اضافی دستاویزات جمع کرائیں۔خیال رہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 مختلف ممالک کے ساتھ باہمی قانونی مدد سے متعلق ہے اور اسے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاءکی درخواست پر سپریم کورٹ نے سیل کردیا تھا۔بروڈشیٹ نے جے آئی ٹی کی جلد 10 کے حصول کے لیے درخواست اس لیے دی ہے تا کہ وہ اسے بین الاقوامی ثالثی عدالت میں جمع کراسکے، جہاں پاکستان اور بروڈشیٹ ثالثی کے معاملے پر تنازع جاری ہے۔واضح رہے کہ بروڈشیٹ کی جانب سے اٹھائے گئے تنازع پر پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کے مقدمے کا سامنا ہے، جس میں اس بات کو پیش کیا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے مختلف آف شور کمپنیوں میں پاکستانیوں کی چوری شدہ رقم کی واپسی میں مدد کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔