نوازشریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئے عدالت میں درخواست دائر
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی سعادت حسین ملک کی عدالت میںدرخواست دائر کر دی گئی ۔ عدالت نے دائر درخواست پر پولیس سے تیس مئی تک وضاحت کے لئے سی پی او راولپنڈی اور ایس ایچ او تھانہ سول لائن کو نوٹس جاری کر دئیے ۔ راجہ ظفر اقبال نے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عبدالعزیز خان، چوہدری قیصر مشتاق ایڈووکیٹ، وسیم گجر ایڈووکیٹ اور انوار الحق ایڈووکیٹ کے ذریعے بائیس اے کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے اپنے ایک انٹرویو میں ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف گفتگو کی جو آئین کے آرٹیکل 6کے تحت غداری کے مترادف ہے مگر پولیس نے درخواست دینے کے باوجود ملزم کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی ہے۔اس لئے سابق وزیراعظم کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔