پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی4 فوڈ پوائنٹس سربمہر‘ جرمانے عائد
ملتان (کرائم رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میںملاوٹ مافیاکے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 4فوڈ پوائنٹس سر بمہرکر دیے۔ مختلف فوڈ پوائنٹس کو ناقص صفائی کے انتظامات اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر100,500کے جرمانے عائدکیے نیز بھاری مقدار میںمضرصحت غذا تلف کرتے ہوئے متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر آپریشنز سائوتھ کی سر براہی میں ملتان اور گردونواح میںکارروائیاں کر تے ہو ئے مضر صحت اجزاء کے استعمال،ملازمین کے میڈیکلز کی عدم مو جودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پریادگار مینگو بیس یونٹ جبکہ غلط لیبلنگ،پروڈکشن ایریا میں حشرات کی موجودگی،ناقص سٹوریج ،گندے اور بدبودار ماحول کی وجہ سے انتظار قلفی یونٹ کو سر بمہر کر دیا۔ڈیرہ غازی خان میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کر تے ہوئے انڈسٹریل رنگوںکے استعمال،سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،صفائی کے ناقص انتظامات،زائدالمعیاد اشیاء کی فروخت پرشانی فوڈز جبکہ مضر صحت اجزاء کے استعمال پر عصمت اللہ نسوار پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا۔ملتان کے مختلف علاقوں میںچیکنگ کر تے ہو ئے مضرِصحت اجزاء ،کیمیکل ڈرمزکے استعمال، سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،فلٹر پلانٹس استعمال نہ کر نے ،گندے اور بد بودار ماحول کی وجہ سے متعدد فوڈ پوائنٹس کو85,500کے جرمانے عائد کیے گئے۔