حزب اللہ کے 10 کمانڈر دہشت گرد اور حسن نصراللہ دہشت گردی کا سپانسر قرار
واشنگٹن /ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی اسٹیٹ سکیورٹی پریذیڈینسی نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے دس کمانڈروں کے نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیے ۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ کی شوریٰ کونسل کے پانچ ارکان کو بھی دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے۔ یہ اقدام سات ممالک پر مشتمل ٹیررسٹ فنانسنگ اور ٹارگٹنگ سنٹر ( دہشت گردوں کی مالی معاونت اور اہدافی مرکز ،ٹی ایف ٹی سی) کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔سعودی عرب اس مرکز کا شریک چیئرمین ہے۔اس کے دوسرے ارکان میں بحرین ، کویت ، اومان ، قطر اور متحدہ عرب امارات اور امریکا شامل ہیں۔اس مرکز نے پہلے ہی حزب اللہ کی شوریٰ کونسل کے ارکان کو دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔امریکا کے محکمہ خزانہ کے تحت دفتر برائے خارجہ اثاثہ کنٹرول (او ایف اے سی) نے بھی اپنے خلیجی شراکت داروں کے ساتھ مل کر حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کو دہشت گردی کا اسپانسر قرار دیا ہے۔او ایف اے سی اور ٹی ایف ٹی سی دونوں نے حزب اللہ کی شوریٰ کونسل کے ارکان اور سینیر لیڈروں نعیم قاسم ، محمد یزبک ، حسین الخلیل اور ابراہیم الامین السید کو دہشت گرد قرار دیا ہے اور جو ان کی معاونت کرے گا ، وہ بھی دہشت گرد قرار پائے گا۔مزید برآں ٹی ایف ٹی سی کے رکن ممالک نے حزب اللہ سے وابستہ بعض شخصیات اور اداروں کو بھی دہشت گرد قرار دیا ہے