اسرائیلی بربریت کیخلاف دینی جماعتوں کی اپیل پر آ ج یوم یکجہتی فلسطین منایا جائیگا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زواربہادرکی اپیل پر جے یو پی کے زیر اہتمام ملک بھر میں بیت المقدس امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کے خلاف نہتے فلسطینیوں کے احتجاج پر اسرائیلی افواج کی وحشیانہ اور ظالمانہ فائرنگ اور تشدد سے فلسطینیوں کی شہادت اور امریکہ ،اسرائیل بربریت کے خلاف آج (18 مئی) بروز جمعتہ المبارک ’’یوم یکجہتی فلسطین‘‘منائے گی۔ علاوہ ازیں عالم اسلام فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد کو سلام کرتا ہے ، آج ملک بھر میں یوم لبیک یا اقصیٰ منایا جائے گا ۔ علماء ، خطباء ، مقررین ، مساجد میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف قراردادیں منظور کریں گے اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا اسعد اللہ فاروق ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسعد زکریا ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، حاجی طیب شاد قادری ، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا محمد شکیل قاسمی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ۔نیز علامہ محمد ممتاز اعوان کے مطابق بعد نماز جمعہ اسرئیلی دہشتگردی کیخلاف بھر پور احتجاجی جلوس نکالے اور مظاہرے کرے گی۔ مرکزی علماء کونسل کی اپیل پرآج ( جمعہ 18مئی )ملک بھر میں’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔جمعہ کے اجتماعات میں بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ کی منتقلی ، فلسطینی عوام کے قتل عام اوروحشیانہ مظالم کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج ملک بھر میں ’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘منایا جائے گا۔