ایرانی جوہری معاہدے کے تحفظ کیلئے یورپی یونین کی کوشش کی حمایت کرتے ہیں : اقوام متحدہ
برسلز (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس نے کہا کہ اقوام متحدہ ایرانی جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے یورپی یونین کی جانب سے کی جانے والی کوشش کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور یورپی یونین کے کمشن کے چیئرمین جین کلاڈ جنکر اور یورپی یونین کی خارجہ اور سکیورٹی پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے ملاقات کی۔ انتونیو نے کہا کہ ہم ایک خطرناک دنیا میں رہتے ہیں۔کئی برسوں میں پہلی مرتبہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کے نظام پر سوال اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کثیرالطرفہ انتظامی نظام اور قانون کے مطابق عالمی تعلقات کی حکمرانی کا تحفظ نہایت ضروری ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے اس لحاظ سے یورپی یونین کے کردار کوبے حد سراہا اور زور دیا کہ اقوام متحدہ یورپی یونین کی جانب سے ایرانی جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے کوشش کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہے۔