غیرقانونی مہاجرت روکنے کیلئے اصلاحات کی ضرورت ہے،یورپی کمشنر
برسلز(این این آئی)ایک اعلیٰ یورپی اہلکار نے زور دیا ہے کہ یورپ میں مہاجرین کی غیرقانونی آمد کا سلسلہ بند کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں بہتری لائی جائے۔ شورش اور جنگ زدہ علاقوں سے لوگوں کا یورپ کی طرف مہاجرت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے کمشنر برائے امیگریشن دیمیترس آوراموپولوس نے کہاکہ مہاجرت کے بحران کے نتیجے میں صورتحال ابھی بھی کنٹرول میں نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا کام ابھی ختم نہیں ہوا۔ صورتحال اب بھی ابتر ہی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ بالخصوص یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں کے تحفظ اور مؤثر نگرانی کی خاطر ابھی مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔یورپی یونین کے کمشنر برائے امیگریشن دیمیترس آوراموپولوس نے یورپی یونین پر زور دیا کہ اس بلاک میں پناہ دیے جانے کے قوانین میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اب ہمارے پاس مزید وقت نہیں ہے۔