کرناٹک: بی جے پی کی حکومت قا ئم، سپریم کورٹ میں کانگرس کی درخواست مسترد
نئی دہلی (آن لائن+ اے ایف پی) بھارتی سپریم کورٹ نے تاریخ میں پہلی بار ایک ایسے کیس کی سماعت کی،جو رات 2 بجے شروع ہوکر 3گھنٹے تک جاری رہی۔ بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق سپریم کورٹ آف انڈیا نے کانگریس کی جانب سے بی جے پی کو حکومت سازی سے روکنے کی استدعا مسترد کر دی اور بی جے پی کے رہنما بی ایس یڈیو راپا کو حلف اٹھانے کی اجازت دیدی۔بھارتی ریاست کرناٹک کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی 104 نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بنی،تنازع اس وقت شروع ہوا جب گورنر نے بی جی پی کو حکومت بنانے کی ہدایت کی۔بھارتی آئین کے تحت حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 112 سیٹیں درکار ہوتی ہیں۔ انتخابات میں کانگریس نے 78 نشستیں جیتی تھیں جبکہ اسکی انتخابی اتحادی جنتا دل پارٹی نے 38 سیٹیں جیتیں مگر گورنر نے انہیں حکومت سازی کی پیشکش نہیں کی تھی۔اس معاملے پر کانگریس اور جنتا دل نے عدالت میں حکم امتناع کے لیے درخواست دی تھی،سپریم کورٹ کے 3سینئر ججوں نے کیس کی سماعت کی مگر فیصلہ بی جے پی کے حق میں ہی آیا اور بی جے پی کو حکومت سازی کی اجازت دیدی گئی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بی جے پی کے بی ایس یدیوراپا نے بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے۔انتخابات میں کانگریس نے 78 نشستیں جیتی تھیں جبکہ اس کے انتخابی اتحادی جنتا دل پارٹی نے 38 سیٹیں جیتیں مگر گورنر نے انہیں حکومت سازی کی پیش کش نہیں کی تھی۔