لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار، آج بھی برکھا برسنے کا امکان، کراچی میں گرمی کی شدید لہر
لاہور/ کراچی (سپورٹس رپورٹر+ آن لائن) گگو منڈی، عارفوالا، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بادل چھانے کی وجہ سے لاہور اور اس کے گردو نواح میں رہنے والے افراد کا پہلا روزہ بھی اچھا گزرا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز بالائی خیبرپی کے، فاٹا، اسلام آباد‘ بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، سرگودھا، ملتان ڈویژن، فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپی کے: مالم جبہ27، لوئر دیر06، پشاور (ائیرپورٹ05، سٹی04)، پاراچنار04، کالام، پٹن، بالاکوٹ03، چراٹ، دیر01، پنجاب: بھکر، ملتان، لیہ، شورکوٹ01، کشمیر گڑھی دوپٹہ،مظفرآباد 03، گلگت بلتستان: استور 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آن لائن کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے ہفتہ اور اتوار کو ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور اس دوران درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گرمی کی لہر جاری ہے اور سمندری ہوائیں کمزور پڑنا شروع ہو چکی ہیں۔