ملائیشیا: سابق وزیراعظم نجیب عبدالرزاق کے گھر پر چھاپہ‘ 7 گھنٹے تلاشی لی گئی
کوالامپور(آن لائن)ملائیشین پولیس نے رات گئے سابق وزیر اعظم نجیب عبدالرزاق کی رہا ئش گاہ پر چھاپا مارا، 7گھنٹے تک گھر کی تلاشی لی گئی،جاتے ہوئے پولیس اہلکار واپسی میں کئی ڈبے اپنے ساتھ لے گئے۔گزشتہ روز نجیب عبدالرزاق کے وکیل نے کہا کہ پولیس نے سابق وزیر اعظم کے گھر کی 7گھنٹے تک تلاشی لی،اس دوران کوئی دستاویزات قبضے میں نہیں لی گئیں۔پولیس حکام ذاتی استعمال کی کچھ اشیاء کے ڈبے اپنے ساتھ لے گئے،جبکہ اس دوران پولیس کی درجنوں گاڑیاں نجیب عبدالرزاق کی رہائش گاہ کے باہر موجود تھیں۔مہاتیر محمد نے اشارہ دیا تھا کہ اگر منی لانڈرنگ الزامات پر نجیب عبدالرزاق کیخلاف کوئی ثبوت ملا تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق ملائیشین وزیر اعظم نجیب عبدالرزاق اور ان کی اہلیہ پر ملک سے باہر جانے پر پابندی بھی عائد ہے۔