جونیئر بھارتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ کے دورہ شمالی کوریا کا انکشاف، کس مشن پر تھے؟ بعض حلقوں میں تجسس 20برس میں پیانگ یانگ آنے والے پہلے وزیر ہیں
نئی دہلی(بی بی سی) بھارت کے جونیئر وزیر خارجہ (ر) جنرل وی کے سنگھ منگل اور بدھ کو خاموشی کے ساتھ شمالی کوریا کے دورے پر تھے۔ گزشتہ 20 برسوں میں شمالی کوریا کا دورہ کرنے والے وہ پہلے انڈین وزیر ہیں۔کوریائی خطے میں امن کی کوششوں کے درمیان جنرل وی کے سنگھ کے پیانگ یانگ کے اس اچانک دورے سے بعض حلقوں میں یہ تجسس پیدا ہوا ہے کہ کیا وہ کسی مشن پر تھے؟ جنرل وی کے سنگھ کے دورے کے بارے میں بدھ کو اس وقت پتہ چلا جب شمالی کوریا کی نیوز ایجنسی نے ان کے دورے کی تصویر اور اس بارے میں ایک چھوٹی سی خبر شائع کی۔ بیان کے مطابق جنرل وی کے سنگھ نے پیانگ یانگ میں وزیر خارجہ سمیت کئی اہم رہنماؤں سے ملاقت کی اور ان سے کئی شعبوں میں باہمی تعاون و اشتراک کے پہلوؤں پر بات ہوئی تاہم ان کی شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔ بھارت نے کوریائی خطے میں امن کی کوششوں کی تعریف کی تاہم اس بیان میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کے درمیان جون میں ہونے والے سربراہی اجلاس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ شمالی کوریا کے بھارت کے ساتھ 45 برس کے سفارتی تعلقات پورے ہوئے ہیں۔ پیانگ یانگ میں انڈیا کا سفارت خانہ بھی ہے۔ انڈیا نے حال ہی میں پیانگ یانگ میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا ہے۔