عدالتیں حکم پر عملدرآمد کرانا جانتی ہیں: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے اے سی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے خلاف توہین کی درخواست پر قرار دیا ہے کہ عدالتیں اپنے حکم پر عملدرآمد کرانا جانتی ہیں، عدالت نے اے سی سٹی سے ایک ہفتے میں عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جسٹس امیر بھٹی نے محمد رمضان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار وکیل نے نشاندہی کی کہ محمد رمضان کی اراضی کی الاٹمنٹ غیر قانونی طور پر منسوخ کرنے کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا جبکہ عدالتی حکم کے باجود داد رسی نہیں کی جارہی ہے اور عدالتی حکم نامہ کو محکمہ کی جانب سے نظرانداز کیا جا رہا ہے، درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کہ عدالت اے سی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔ عدالت نے اے سی ٹوبہ ٹیک سنگھ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ عدالت اپنے حکم پر عمل کرانا جانتی ہے۔ اے سی سٹی نے عدالت کو عدالتی حکم پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرا دی ہے۔