کرنل سہیل عابد بوبری میں سپردخاک‘ نماز جنازہ میں آرمی چیف کی بھی شرکت
راولپنڈی (صباح نیوز) گزشتہ روز بلوچستان کے کلی الماس علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ سینئر سول و فوجی افسران‘ جوانوں اور رشتے داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کرنل سہیل کو بارہ کہو کے قریب گاؤں بوبری میں فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔ کرنل سہیل عابد گزشتہ روز کلی الماس بلوچستان میں آپریشن کے دوران شہید ہوئے تھے۔ دریں اثناء سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والا ایک اور اہلکار حوالدار ثنا اللہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ہے۔ جس کے بعد آپریشن میں شہید ہونے والوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ ثنا اللہ ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔ کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے وہاڑی میں ادا کردی گئی جس میں ان کے عزیزواقارب ‘اہل علاقہ ‘ پاک فوج اور سول افسران نے شرکت کی۔ شہید کرنل کے بھائی اور والد کا کہنا تھا سہیل عابد نے قوم کیلئے قربانی دی۔ ان کی شہادت پر سر فخر سے بلند ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم بطور قوم بزدل دشمن کیخلاف سینہ سپر اور متحد ہیں۔ دھرتی کی حفاظت کے لیے اپنے خون کی بھاری قربانیاں دیں جس کی کوئی مثال نہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا قوم دفاع وطن کیلئے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ دہشت گردی کیخلاف افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دیں۔ ایاز صادق نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی اور شہید کرنل کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ سابق صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریشن کے سربراہ آصف علی زرداری نے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔