ہمارے درمیان کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں: سعد رفیق، کرمانی
اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ڈاکٹر آصف کرمانی میرے قریبی عزیز اور نہایت قابل احترام ہیں ان کے ساتھ میری کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، اس حوالہ سے میڈیا پر آنے والی خبر حقائق کے منافی ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک وضاحتی بیان میں سعد رفیق نے کہاکہ ہم سب ووٹ کو عزت دوکے بیانیہ کے داعی اور علمبردار ہیں مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں۔ مسلم لیگ ن میں اختلاف رائے شائستگی سے کیا جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ جماعت کی حکمت عملی پر مشاورت اور بحث ایک مستقل سیاسی جمہوری عمل ہے، اس پر کبھی پابندی نہیں لگائی۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق قابل احترام رفیقِ کار ہیں، ان کے ساتھ میری کوئی تلخی نہیں ہوئی۔ ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ پر ساری جماعت متفق و متحد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب میاں نواز شریف کی قیادت میں ایک ہیں۔