عام انتخابات 27جولائی کوکرائے جانے کا امکان ہے غیر ملکی مبصرین کو آنے کی اجازت ہوگی: الیکشن کمشن
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ کا حتمی اعلان مئی کے آخری ہفتے میں کر سکتے ہیں ممکنہ طورپر 27 جولائی کی تاریخ 2018کے انتخابات کیلئے مقرر کی جا سکتی ہے۔ الیکشن کمشن آئندہ ہفتے انتخابی تاریخ سے متعلق تجاویز کا مراسلہ صدر مملکت کو ارسال کرے گا۔ الیکشن کمشن کے حکام کے مطابق الیکشن کمشن شیڈول کا اعلان 28 یا 29 مئی کو کرے گا۔ آئین کے سیکشن 224 کے مطابق اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے 60 دن کے اندر انتخابات کرائے جانے چاہیے۔ قومی اور پنجاب اسمبلی 31 مئی کو اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرلے گی، سندھ، خیبرپی کے اور بلوچستان اسمبلیاں 28 مئی کو تحلیل ہو جائیں گی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے کہ الیکشن 2018 آبزرویشن کے لئے بین الاقوامی مبصرین طے شدہ ضابطہ کار کے تحت وزارت خارجہ کے ذریعے درخواستیں بھجوا سکتے ہیں، ملکی قوانین کے تحت جو بھی انتخابی عمل کو آبزرو کرنے آئے گا الیکشن کمشن ایسے تمام افراد کو اجازت نامے جاری کرے گا۔ میڈیا کے کچھ حصوں اور سوشل میڈیا پر ایسی خبریں چل رہی ہیں کہ الیکشن کمشن غیر ملکی مبصرین کو انتخابی عمل سے دور رکھنا چاہتا ہے۔ الیکشن کمشن تمام مبصرین (ملکی وغیر بین الاقوامی) کو انتخابی عمل کا اہم جزو سمجھتا ہے۔
الیکشن کمشن