شیطانوں کو ہمیشہ کے لئے بند کرنے کا وقت آگیا ‘ضیاء عباس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاستداں اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ ابلیس کی طرح صرف رمضان المبارک ہی میں نہیں پاکستانی شیطانوں کو ہمیشہ کے لئے بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔ مائوں کے عالمی دن کے موقع پر دھرتی ماں کے خلاف زہر اگلنے والوں کے لئے معافی کی کوئی گنجائش نہیں۔ذاتی اقتدار کے لئے ملکی سالمیت سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر وکلاء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت مشتاق اعوان ایڈووکیٹ کررہے تھے۔ سید ضیاء عباس نے کہا کہ چوری چھپانے اور دولت بچانے کے لئے ملکی اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوگی‘ نہ ہی کرنل جوزف کی طرح بچانے کے لئے کوئی طیارہ آئے گا‘ قومی راز کھولنے کی دھمکیاں بھی کسی کام نہیں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے پرقوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرنے والے پہلے ا س سوال کا جواب دیں کہ جب تک وہ وزیراعظم تھے سب ٹھیک تھا اور جب ان سے حساب مانگا جارہا ہے تو ملک کو دائوپرلگانے کو بھی تیار ہیں۔ دراصل انہیں ملک نہیں اپنے اقتدار سے دلچسپی ہے ا وراپنی ذات کے لئے یہ لوگ ملک کو بھی قربان کرسکتے ہیں۔
ضیاء عباس