پنجا ب اسمبلی : نوازشریف کے حق میں قرارداد منظور‘ لیگی‘ پی ٹی آئی ارکان گھتم گتھا اپوزیشن کا واک آﺅٹ ضمنی بجٹ منظور
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے حق میں پنجاب اسمبلی میں حکومتی قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا نے نواز شریف کا موقف توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ ایوان میں اپوزیشن نے واک آﺅٹ کیا۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی میں عمران خان سے متعلق نازیبا الفاظ پر حکومت اور اپوزیشن میں جھگڑا ہوا‘ نوبت ہاتھاپائی تک پہنچ گئی۔ لیگی اور پی ٹی آئی ارکان گتھم گتھا ہوگئے‘ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مسلم لیگ (ن) کے رکن عمرفاروق نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیڈر چوٹی پر بیٹھ کر حکومت کرتے ہیں۔اس دوران پی ٹی آئی کے عارف عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے طارق مسیح گل اور شہزاد منشی میں ہاتھاپائی ہوگئی۔ ملک عمرفاروق نے اپنے الفاظ واپس لے لئے۔ مزید برآں پنجاب اسمبلی میں ضمنی بجٹ 2017-18 کی منظوری دے دی گئی۔ پنجاب اسمبلی نے تمام مطالبات زر کی منظور دے دی۔ رواں مالی سال کے لیے 20 ارب 81 کروڑ 4 لاکھ روپے کے ضمنی مطالبات زر منظور کر لیے گئے۔ دریں اثناءاپوزیشن لیڈر محموالرشید نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا گزشتہ روز آخری اجلاس تھا۔ وزیراعلیٰ نے 5 سال تک اس مقدس ایوان کی توہین کی۔ وزیراعظم جمہوریت کا راگ الاپتے رہے لیکن جمہوریت ایوان میں نہیں آئی۔ شہباز شریف نے منتخب وزیراعلیٰ کی بجائے سویلین ڈکٹیٹر شپ مسلط کیے رکھی۔ پنجاب کی اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگائے رکھا اور کم ظرفی کا ثبوت دیا۔ عوام نے جو مینڈیٹ ہمیں دیا تھا اس کی توہین کی گئی۔
پنجاب اسمبلی