نوازشریف دھرتی سے وفا پر تیار نہیں : مفاہمتی پالیسی پر چلنے کیلئے تیار‘ بھٹو کے قتل سے شروع ہو گی : زرداری
لاہور(خبر نگار)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پہلے روزے اور افطار ڈنرسے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ لوگ طاقت کے نشے میں دھت ہیں ذاتی مفادات کو ملک پر فوقیت دے رہے ہیں۔ مفاہمتی پالیسی پر عمل کرنے کو تیار ہیں لیکن بات بھٹو صاحب کے قتل سے شروع ہو گی۔ کچھ لوگ اقتدار کی وجہ سے پاگل ہوچکے ہیں۔ بہت سے لوگ اقتدار کیلئے تکلیف میں ہیں۔ نوازشریف اپنی دھرتی سے بھی وفا کرنے کو تیار نہیں اور اقتدار کیلئے ملکی سالمیت داﺅ پر لگادی ہے۔ تیس سال تک اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر سیاست کرتے رہے۔ یہ باتیں انہوں نے رابطہ عوام کے سلسلہ میں افطار پارٹیوں کی پہلی افطاری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ افطاری کا اہتمام پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن کی طرف سے کیاگیا تھا، اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے رہنما قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور احمد، اعتزاز احسن، ملک عثمان ، اسلم گل، ثمینہ خالد گھرکی، عابد حسین صدیقی ،بیرسٹر عامر حسن، فیصل میر، اسرار احمد بٹ اور دیگر پی پی رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے میاں نواز شریف کا نام لئے بغیر کہا پہلے آپ اپنی دکانیں بتائیں کہاں سے بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا جاپان پر ایٹم بم گرانے کے بعد امریکہ نے جاپان کے ساتھ تعلقات بحال کیے۔ ہم بھی مفاہمتی پالیسی اپنا سکتے ہیں لیکن بات ذوالفقار علی بھٹو کے قتل سے شروع ہو گی۔ سپریم کورٹ میں بھٹو صاحب کا ریفرنس موجود ہے۔ عدالت سے درخواست ہے اس پر نظر ڈالی جائے۔ سزا دلانا مقصد نہیں، لوگوں کو ان کی غلطیاں یاد دلانا چاہتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمرالزمان کائرہ، اعتزاز احسن اور چوہدری منظوراحمد نے کہا حکومت کے رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات و اعلانات ہوا میں معلق ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عام آدمی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ دریں اثنائ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری این اے 200 لاڑکانہ سے الیکشن لڑیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاڑکانہ عوام کے عوام میری آواز ہیں۔ نواز شریف سکرپٹ کے ذریعے چل رہے ہیں۔ نواز شریف خود کو بچانے کیلئے ملک کو بدنام کر رہے ہیں۔ تین بار وزیراعظم رہنے والے نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔
بلاول/ آصف زرداری