پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہیں دینے کا فیصلہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو جنوری تا مارچ تین ماہ کی تنخواہیں دینے کے لئے ایک ارب 14 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں ایک کمیٹی قائم کی گئی جو گوادر بندرگاہ اور گوادر فری زون میں ٹیکس استثنیٰ کو یقینی بنانے کے لئے قوانین میں ضروری ترامیم کا جائزہ لے گی تاکہ کوئی سقم باقی نہ رہ جائے۔ اجلاس میں نجی ایل این جی ٹرمینل قائم کرنے کے لئے سائیٹ مختص کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پورٹ قاسم پر صرف ان جگہوں پر فلوٹنگ ٹرمینل قائم کرنے کی اجازت دی جائے گی جنہیں جائزہ کے بعد محفوظ قرار دیا جائے گا۔ اجلاس میں مری شیلو گیس سے 35 ایم ایم سی ایف ڈی اور ماری ڈیپ گیس سے 40 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پاک عرب فرٹیلائزر کو مختص کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں گیس کی ’’سیل پرائس اور ایل این جی پی ایل‘ ایس ایس جی سی ایل کے ریونیو تفاوت کے ایشو کے حل کے لئے کمیٹی قائم کی جو موجودہ معاہدہ کی جگہ نیا معاہدہ کرنے کا جائزہ لے گی۔ کمپنی قدرتی گیس کی پرائسنگ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد تین ماہ میں سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایل این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے لئے ’’ایل پی جی ائرمکس‘‘ پلانٹ لگانے کے لئے 11 مقامات کی منظوری دیدی۔ یہ مقامات بشام‘ اپر دیر‘ تافتان‘ دالبندین اور کناری میں قائم کئے جائیں گے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی