لاٹری شوز پابندی‘ ہائیکورٹ نے حکم امتناع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا
اسلام آباد (وقائع نگار) رمضان المبارک میں لاٹری شوز پر پابندی اور پیمرا کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کا معاملہ ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی بی اے کی درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف حکم امتناع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی انٹرا کورٹ اپیل پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی ۔پی بی اے کے وکیل علی ظفر نے اپنے دلائل میں کہا کہ پیمرا نے حالیہ رمضان گائیڈ لائن عدالت کے حکم پر جاری کی۔سنگل بنچ کا فیصلہ قانون و آئین سے متصادم ہے،عدالت نے کہاکہ فیصلے کی وجوہات بعد میں جاری ہوں گی،سپریم کورٹ کے حکم کے تحت وجوہات دیے بغیر آرڈر جاری نہیں ہو سکتا،ٹی وی چینلز کی پروگرامنگ چار ماہ پہلے ہوتی ہے،اس عمل میں اشتہاری پارٹیوں سے معاہدے شامل ہوتے ہیں،سنگل بنچ کے فیصلے سے چینلزکو ناقابل تلافی نقصان ہو گا، عدالت نے غیر ملکی پروگرامز ، انعامی شوز اور تفریحی پروگراموں پر بھی پابندی لگا دی ۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ فارن میڈیا کی سنسر شپ کے حوالے سے پیمرا کی کیا پالیسی ہے، علی ظفر ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ تمام چینلز خود ڈرامے و اشتہار سنسر کرتے ہیں، وقاص ملک نے سنگل بینچ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے اشتہارات اور ڈرامے فیملی کے ساتھ بیٹھ کر نہیں دیکھے جاسکتے ۔پانچ وقت کی ازان بھی نشر نہیں کی جاتی ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
فیصلہ محفوظ