ماہانہ زکوٰۃ کی ادائیگی میں اضافہ قابل فخر کارنامہ ہے، عبدالناصر بلوچ
کراچی(لیڈی رپورٹر) انجمن حیات الاسلام مستحقین کی عزت نفس ملحوظ رکھتے ہوئے طویل عرصے سے اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے پریشان حال کی مشکلات کے ازالے کے لئے کوشاں ہے۔ ماہانہ زکوۃ ادائیگی کی رقوم میں فی مستحق ایک ہزار روپے کا اضافہ منتظمین کا قابل ذکر کارنامہ ہے ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محکمہ سماجی بہبود حکومت سندھ عبدالناصر بلوچ نے دار الیتامیٰ گرومندر میں ماہانہ زکوۃ چیکس کی تقسیم کی تقریب کے شرکاء سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ تقریب کے مہمان اعزازی عبداللہ تھے، آرگنائزر انور حسین صدیقی و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ انور صدیقی نے بتایا کہ AHI کی بنیاد 85 سال قبل غیر منقسم ہندوستان میں الحاج مولانا حامد علی قریشی نے 1932 میں رکھی تھی آج اس کے تحت کئی ادارے دارالیتامیٰ، مدرسہ حفظ و ناضرہ، امداد معذورین ، بہبودی اطفال، مفت ڈسپنسری ، حیات السلام پبلک اسکول ، حیات الاسلام ٹیکنیکل اسکول، حیات الاسلام گرلز ڈگری کالج طویل عرصے سے عملی خدمات انجام دے رہے ہیں۔