محنتی اور با صلاحیت نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں گورنرسندھ
کراچی(وقائع نگار) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ با صلاحیت ،محنتی اور وژنری نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ یہ نوجوان اپنے اور اپنے ملک کے مستقبل کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ، متحرک نوجوان ہی سماجی اور معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے موجودہ حکومت نوجوانوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہی ہے اس ضمن میں نوجوان ڈاکٹرز عارضی معذوری کے علاج اور احتیاطی تدابیرکی آگاہی کے لئے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں ینگ ڈاکٹرز آف فزیکل تھراپی آرگنائزیشن پاکستان کے 13رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد کی سربراہی آرگنائزیشن کے چیئر مین ڈاکٹر نجیب الرحمن خٹک کررہے تھے ۔ ملاقات میں فزیو تھراپی کی اہمیت اور اس ضمن میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم ، طبی سہولیات ، تحقیق، ہسپتالوں میں صحت افزا ماحول ،ادویات اور جدید طبی آلات کی اہمیت،فزیو تھراپی ڈاکٹرز کے مسائل سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،موجود ہ حکومت نوجوان مرد و خواتین کو درپیش چیلنجز کو سمجھتے ہوئے ہوئے ایسی مربوط پالیسی پر عمل پیرا ہے جس میں نوجوان اپنے دیرینہ مسائل پر قابو پاسکیں اس ضمن میں وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم ، وزیر اعظم انٹرن شپ اسکیم اور وزیر اعظم یوتھ بزنس لون اسکیم ایسے منصوبے ہیں جن کے ذریعہ نوجوانوں کو خود مختار بنایا جا رہا ہے ۔گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ یہ با ت پوری قوم کے قابل فخر ہے کہ کئی عالمی امدادی ادارے سماجی شعبہ میںکام کرنے والی این جی اوز کی بھرپور مالی مدد کررہے ہیں جو کہ ان این جی اوز کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں معروف این او ہینڈ زکی بریفنگ کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ہینڈز کے پیٹر ن انچیف ڈاکٹر عبد الغفار بلو بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو ایس ایڈ ، یو کے ایڈ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کامالی تعاون ہینڈز کے صحت ، تعلیم ، روزگار کی فراہمی ، انفرااسٹرکچر ، پانی اور حفظان صحت کے شعبوں میںاہم اقدامات پر اعتماد کا مظہر ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ سماجی و فلاحی ادارے حکومت کا بازو بن کر پورے ملک میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں اوران کے اقدامات کے لوگوں کی زندگی پر دیرپا اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔