ڈائو یونیورسٹی کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم
کراچی(نیوز رپورٹر)ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ کمپیوٹر کا علم اعلی تعلیم کا حصول میں انتہائی معاون و مدد گار رہے گا، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیے بغیر ترقی کی راہیں نہیں کھل سکتیں،انہوں نے یہ بات ڈائو یونیورسٹی اجھا کیمپس کے عبدالقدیر خان لیکچر ہال میں یونیورسٹی کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے 80 طلبہ میں وزیرِ اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ملنے والے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر محمد مسرور، پروفیسر ڈاکٹر زرناز واحد، لیپ ٹاپ اسکیم کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر مکرم علی سمیت دیگر موجود تھے۔