حیدرآباد میں عوام کواشیا میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے سرکاری نرخ مقرر دودھ کی قیمت 90 روپے لیٹر مقرر
حیدرآباد( نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد انیس احمد دستی نے کہاہے کہ رمضان کے بابرکت ماہ صیام میں عوام کواشیا میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے سرکاری نرخ مقرر کئے گئے ہیں ۔سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دودھ کی قیمت 90 روپے لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ واٹر کمیشن سے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ ایچ ایم سی اور دیگر متعلقہ عوامی فلاح کے اداروں کے اشتراک سے عوام کو سہولیات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی مسائل کی نشاندہی کریں ہم عوام کی خدمت او رمسائل حل کرنے کے لئے ہمہ وقت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے حوالے سے نئی ترقیاتی اسکیموں پر پابندی عائد کی ہے۔ آئندہ سال حیدرآباد کو ترقیاتی اسکیمیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ خود اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز شہر کے دورے کریں گے اور عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیں گے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لطیف آباد کے باغ مصطفی میں رمضان بچت بازار بھی قائم کیا جائے گا اسی طرح پینے کے صاف پانی کی فراہمی نکاسی آب تک نیز نہروں سے گندے پانی کے اخراج کو روکنے کے لئے تمام تر اقداما ت کئے گئے ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی کو نیو سبزی منڈی میں منتقل کرنے میں کچھ وقت لگے گا اس حوالے سے کام جاری ہے۔