پانچواں چیف منسٹر ویمن گولڈ کپ ہاکی، اسلام آباد ویمن ٹےم کو پہلے مےچ مےں ہی ناکامی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پانچواں چیف منسٹر ویمن گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گیا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پی آئی اے عرفان الہی اور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر تھے اس موقع پر سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپیئن شہباز احمد سینئر بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز پنجاب کلر، پنجاب وائٹس اور یو ڈبلیو ایچ اے نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست دیدی۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز تین میچ کھیلے گئے۔ جس میں پنجاب کلر نے خیبر پی کے کو پانچ ایک سے مات دی۔ دوسرا میچ یونائٹیڈ ویمن ہاکی اکیڈمی اور اسلام آباد ویمن ہاکی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں یونائٹیڈ ویمن ہاکی اکیڈمی نے چھ صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔ تیسرا میچ پنجاب وائٹس اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں پنجاب وائٹس نے چھ صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی آئی اے عرفان الہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ائر لائن نے ہمیشہ سے قومی کھیل کو سپورٹ کیا ہے اور یقین دلاتا ہوں کہ مالی مسائل کے باوجود یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اس موقع پر صدر پی ایچ ایف بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کی بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے اس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ حال میں پاکستان انڈر 18 ٹیم نے دورہ آسٹریلیا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔