پاک انڈیا میں تجارت صلاحیت سے کم ہے:انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر
لاہور (کامرس رپورٹر ) انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر،چارج ڈی افیئرزڈاکٹر ایم سریش کمار نے کہا ہے کہ ہندوستان نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو کبھی نہیں روکابلکہ یہ پاکستان کی جانب سے بند کی جاتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اب بھی ہے لیکن صلاحیت سے بہت کم ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ایم سریش کمار نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ انتہائی اہم ہے۔ بھارت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے کیونکہ ہم جغرافیہ نہیں بدل سکتے۔ دونوں ممالک ہمیشہ سے پڑوسی رہیں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیٹرو کیمیکل اور کئی دیگر اہم شعبوں میں ہندوستان کی کامیابیاں واقعی قابل ذکر ہیں۔ پاکستان اب نقل و حمل، تجارت اور سیاحت کیلئے ایک علاقائی مرکز کے طور پر ابھرنا چاہتا ہے، کیونکہ یہ بھارت، چین، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے سنگم پر واقع ہے۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانا ایک پیچیدہ مسئلہ ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے سب سے اہم قدم تجارتی تعلقات کو معمول پر لانا ہے۔ اس سے دونوں ممالک کو یکساں طور پر خاطر خواہ اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دیکر خطے میں امن اور خوشحالی لائی جائے۔