حکومت نے عوام کوپٹرول کی قیمت میں اضافہ کرکے پھر مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا :شہباز احمد چٹھہ
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) صدر آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن پنجاب و صدر اتحاد ورکر یونین میونسپل کارپوریشن چودھری شہباز احمد چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کوپٹرول کی قیمت میں اضافے کی صورت میں ایک مرتبہ پھر مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی عوام کیلئے موجودہ حالات میں زندگی گزارنا انتہائی مشکل بنا دیا گیا ہے۔حکومت انتظامی بے قاعدگی اور انتظامیہ میں کرپٹ افسران اور اہلکاروں کی وجہ سے صوبے میں مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔ضلعی انتظامیہ آٹا، دودھ اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ افسران اور حکومتی اہلکار سب اچھا ہے کا نعرہ لگا کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں ۔