وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کورونا کی حالیہ لہر کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا کی حالیہ لہر کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی لہر میں شدت آ رہی ہے۔ شہریوں کو پہلے سے زیادہ احتیاط کرنا ہوگی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کے باعث کورونا میں اضافہ ہو رہا ہے۔ این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں تجویز کئے گئے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور انسداد کورونا ویکسین کی کسی بھی سنٹر بھی کمی نہ آنے دی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ انسداد کورونا کیلئے حکومتی گائیڈلائنز پر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے۔احتیاط سے کورونا سے بچا جا سکتا ہے اور اسی میں زندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 1,824 نئے مریض سامنے آئے اور کورونا کے مریضوں کی تعداد 11,023 تک پہنچ گئی ہے۔ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 43 مریض انتقال کر گئے اور پنجاب میں کورونا سے 5,894 اموات ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 17,127 ٹیسٹ کئے گئے اور پنجاب میں اب تک کورونا کے 3,583,075 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔