اسلام غالب ہونے کیلئے آیا، مغلوب ہونے کیلئے نہیں،محمد حسین محنتی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کرپٹ اور میچ فکس کرنے والی قیادت کبھی بھی ملک و قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتی۔ اسلام غالب ہونے کیلئے آیا ہے مغلوب ہونے کیلئے نہیں۔ معاشی سیاسی اور اخلاقی طور پرملک جس بحران سے دوچار ہے اس پر ہر شہری پریشان ہے۔حکومت میں اہلیت نہیں اور اپوزیشن کی نیت نہیں تو پھر آخر عوام کے مسائل کیسے ہوں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت آغوش کا قیام ایک اہم کارنامہ اور اہلیان سندھ کیلئے ایک بڑا انعام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہالا میں الخدمت کے تحت یتیم بچوں کیلئے قائم ادارہ الخدمت آغوش کے دورے، تعمیراتی کام کے جائزے اور جماعت اسلامی ضلع مٹیاری کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع مٹیاری فقیرمحمدمنصوری، الخدمت سندھ کے ذمے داران کاشف عباس ملک، سیف اللہ سومرو، نبیل اختر اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔ پروجیکٹ انچارج نے امیر صوبہ کو آگاہ کیا کہ الخدمت آغوش سینٹر کا تیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔ اس میں مسجد کا کام مکمل، جبکہ تین منزلہ ہاسٹل کا کام بھی آخری مرحلہ میں ہے جہاں ہر منزل پر 13 کمرے بنائے گئے ہیں۔ انشاء اللہ رواں سال اگست سے ابتدائی طورپچاس بچوں سے اس کا آغاز کیا جائے جہاں پر یتیم بچوں کو اعلیٰ و معیاری تعلیم اور رہائش سمیت تمام سہولیات دینے کا آغاز کیا جائے گا۔ محمد حسین محنتی نے الخدمت کے تحت آغوش سمیت فلاحی اداروں کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام سرگرمیوں کا مقصد صرف یہ ہے کہ اللہ ہم سے رازی ہوجائے۔ اہل خیر لوگوں کو بھی اس کام میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ الخدمت کے اس پروجیکٹ میں اہل خیر لوگوں کے تعاون سے ابتک 11کروڑ سے زائدرقم خرچ ہوچکی ہے۔