دورہ چین سے واپسی کے بعد ماہرین نے انہیں5دن بعد کورونا ٹیسٹ کا مشورہ دیا ہے: شاہ محمود قریشی
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دورہ چین سے واپسی کے بعد ماہرین نے انہیں پانچ دن بعد کورونا ٹیسٹ کا مشورہ دیا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہاکہ وہ پانچ دن تک آئسولیشین میں رہیں گے اور میرے گھر والے مجھ سے بہت دور ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ میں خود بھی نہیں چاہتا بچوں سے ملوں ۔ کورونا سے متعلق احتیاط برتنی چاہیے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ چین سے طلبا نہ بلوانا پاکستان کا اعتماد تھا، پاکستانی طلبا کے ساتھ سفارتخانے کا رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کہتے ہیں پاکستان کا احسان بھولیں گے نہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین میں پاکستانی طلبا کے ساتھ کوئی حا دثہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا کا مقابلہ کرنا ہے۔ چین جانے کا مقصد اظہار یکجہتی تھا ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی قیادت کہتی ہےکہ یہ آزمائش کا وقت ہے ۔ دنیا چین پر بہتان لگارہی ہے، کورونا کا مرکز ووہان کوسمجھا جارہا تھا۔ کل ایک کیس رپورٹ ہوا۔ کورونا سے متعلق احتیاط برتنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کے مطابق یہ آزمائش کی گھڑی ہے ،چین بھی مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں احتیاطی تدابیر میں تعاون کرنا ہے ۔ کورونا کے مسئلے پر قوم کو یکجا کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کا مقابلہ کوئی تنہا نہیں کرسکتا،کورونا کے خلاف سب کو مل کر کام کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ زائرین نے گھروں کو لوٹنا ہی تھا ۔ بارڈر پر کورونا سے بچاو کے انتظامات ناکافی تھے۔انہوں نے کہا کہ زائرین کی واپسی کا فیصلہ مشکل تھا ، سعودی عرب نے 72 گھنٹوں کی پابندی لگا دی جس کے بعد سعودی عرب سے زائرن کے معاملے پر بات ہوئی ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی حال ہی میں چین کا 2روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس لوٹے ہیں ۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغا م میں کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر میرا یہ دورہ اس کٹھن وقت میں چین سے اظہارِ یکجہتی، کورونا وائرس کے خلاف بہترین روک تھام اور وہان میں پاکستانی طلباء کے لئے کئے گئے بہترین اقدامات کو سراہنے کے لیے تھا۔ پاکستان میں فائیٹ کورونا کی جنگ کے حوالے سے تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا۔
یادرہے کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیجنگ میں چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ پاک چین تعلقات دو طرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے ہمراہ بیجنگ میں پاکستانی طلباء کے ساتھ ملاقات کی ۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 237 سے تجاوز کر چکی ہے۔ملک میں 54 نئے کیسز سامنے آگئے ۔ سندھ میں مزید 22 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تفتان سے سکھر آئے 15 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ کراچی میں بھی 2 کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں،جس کے بعد صوبے بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے شکار افراد کی تعداد 172 ہو گئی ہے ۔پنجاب میں 26 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ بلوچستان میں بھی کوروناوائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں ۔جس کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 16 تک جا پہنچی ہے ۔