بیجنگ : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ اسٹرٹیجک مذاکرات میں شرکت کیلئے چین پہنچ گئے، دورے کے دوران شاہ محمود قریشی چین کی اہم قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی3 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے۔ چینی سفیر، چین میں پاکستان کے سفیر اور سفارت خانے کے عملے نے ان کا استقبال کیا۔وزیر خارجہ وزرائے خارجہ اسٹرٹیجک مذاکرات میں شرکت کریں گے ، مذاکرات میں سی پیک سمیت دو طرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور خطےمیں امن صورتحال اورکثیرجہتی امورمیں دوطرفہ تعاون پر بھی بات ہوگی۔دورے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چین کی اہم قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔چند روز قبل حکومت نے پاک بھارت کشیدگی پر چین سے اسٹریٹجک مشاورت کا فیصلہ کیا تھا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین کے دورے میں بھارت کیساتھ کشیدگی کے خاتمے کیلئے کاوشوں کا احاطہ کریں گے اور داخلی سطح پر جاری اقدامات سے بھی چینی قیادت کو آگاہ کریں گے۔
خیال رہے 14 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا ۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں 5 ممالک کے شہریوں کو ای ویزا ملیں گے، جن میں برطانیہ، چین، ترکی، ملائیشیا اور یواے ای کے شہریوں کو سہولت میسر ہوگی جب کہ پچاس ممالک کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے خطے میں امن کے لیے پاک بھارت کشیدگی ختم کر کےپاکستان اوربھارت کو صفحہ پلٹ کر آگے چلنے کا مشورہ دیا تھا ۔چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کو طویل مدت کےلئے بہتر تعلقات میں تبدیل ہونا چاہیے تاکہ خطے کے ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی معاہدے کر سکیں۔اس سے قبل چینی نائب وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت سیکریٹری خارجہ سے ملاقاتیں کی تھیں، ملاقاتوں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورت حال پربات چیت ہوئی اور آزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین اسٹریٹیجک تعاون کی پارٹنر شپ کا اعادہ کیا گیا تھا۔